ریڈلائن بی آر ٹی کے کام کے دوران یونیورسٹی روڈ پر ایک اور پانی کی لائن متاثر
یونیورسٹی روڈ پر ترقیاتی کام کے دوران ایک اور پانی کی لائن پھٹ گئی جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر جاری ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے ترقیاتی کام کے دوران ایک اور پانی کی لائن متاثر ہوگئی جبکہ ترقیاتی کام کے دوران روازنہ کی بنیاد پر لائنیں متاثر ہورہی ہیں جس کی وجہ سے پانی کی فراہمی میں غیر معمولی طور پر کمی واقع ہورہی ہے۔
واٹر کارپوریشن حکام نے ریڈ لائن اور کے فور آگمینٹیشن حکام کو تمام لائنوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ پانی کی لائنوں کو مسلسل متاثر کیا جارہا ہے لہذا کام کے دوران احتیاط کی جائے ۔
یونیورسٹی روڈ پر پرانی سبزی منڈی کے قریب 55 انچ کی لائن متاثر کردی گئی جس کی وجہ سے شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی بند ہوگئی تھی۔ یہ لائن ریڈ لائن کے ترقیاتی کام کے دوران متاثر ہوئی تاہم اب اس لائن سے پانی کی فراہمی شروع کردی گئی۔
منگل کی صبح یونی ورسٹی روڈ پر کے فور کے آگمینٹیشن کے کام دوران 6 انچ پانی کی لائن متاثر ہوگئی جس کے باعث گلشن اقبال بلاک 13 ڈی 3 ، بلوچ گوٹھ سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔
واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ مرمتی کام شروع کردیا گیا اور اسے بدھ کی صبح تک مکمل کرلیا جائے گا۔ واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ لائن اور آگمینٹیشن کے کام دوران پانی کی لائنیں روازنہ کی بنیاد پر متاثر ہورہی ہیں، جس کی وجہ سے پانی کی فراہمی میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ریڈ لائن انتظامیہ اور کے ڈبیلو ایس ایس آئی پی جو کے فور کا کام کررہا ہے ان سے درخواست کی ہے کہ پانی کی لائنوں کے قریب کام احتیاط سے کام کرے۔ ترجمان واٹرکارپوریشن نے کہا کہ تمام نقشے اور مزید تفصیلات بھی فراہم کردی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر مسلسل چھوٹی بڑی پانی کی لائنیں متاثر ہورہی ہیں۔ ایک جانب کراچی کے شہری روازنہ کی بنیاد پر یونیورسٹی روڈ پر اذیت ناک سفر کرنے پر مجبور ہیں تو دوسری جانب پانی کی لائنیں متاثر ہورہی ہیں جس کی وجہ سے شہر میں پانی کی قلت کا سامنا ہے۔