اسپائیڈر مین کے نئے ٹیزر میں لیونل میسی کی جھلک، کیا فٹبالر کوئی اہم کردار ادا کررہے ہیں؟
فٹبال کے سپر اسٹار لیونل میسی کی نئی سپر ہیرو فلم میں غیر متوقع جھلک نے مداحوں میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ ’’اسپائیڈرمین: برانڈ نیو ڈے‘‘ کے تازہ ٹیزر میں میسی کی مختصر موجودگی نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں شائقین اس حیران کن اشتراک پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے نئے ٹیزر میں میسی کو اسپائیڈرمین سے ملاقات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ٹیزر جاری ہوتے ہی یہ منظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا اور مداحوں نے اسے فلم کی تشہیری مہم کا سب سے منفرد لمحہ قرار دیا۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ میسی کی جھلک کے ساتھ یہ ٹیزر صرف فلم کی تشہیر کےلیے ہے یا فٹبالر واقعی فلم میں کوئی کردار ادا کرنے والے ہیں۔ لیکن وائرل ویڈیو نے شائقین میں جوش جگا دیا ہے۔
https://x.com/SpiderManMovie/status/2071941826437685316?s=20
فلم میں ٹام ہالینڈ ایک مرتبہ پھر پیٹر پارکر، یعنی اسپائیڈر مین، کا کردار نبھا رہے ہیں۔ نئی فلم کی کہانی ’’اسپائیڈرمین: نو وے ہوم‘‘ کے واقعات کے بعد سے آگے بڑھتی ہے، جہاں پیٹر پارکر اپنی پرانی شناخت اور زندگی سے محروم ہونے کے بعد ایک نئے سفر کا آغاز کرتا ہے۔ فلم سازوں کے مطابق اس بار ناظرین کو اسپائیڈر مین کا پہلے سے مختلف اور زیادہ پختہ روپ دیکھنے کو ملے گا۔
ہدایت کاروں کا کہنا ہے کہ ’’اسپائیڈرمین: برانڈ نیو ڈے‘‘ پیٹر پارکر کی نئی زندگی اور نئے چیلنجز کے گرد گھومتی ہے، جس میں وہ ماضی کو پیچھے چھوڑ کر اپنی شناخت دوبارہ قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
فلم 31 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ ٹام ہالینڈ کی واپسی، مارول کائنات کے دیگر کرداروں کی متوقع موجودگی اور اب لیونل میسی کی غیر متوقع جھلک نے ریلیز سے قبل ہی اس فلم کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ زیرِ بحث آنے والی سپر ہیرو فلموں میں شامل کر دیا ہے۔