فیفا ورلڈکپ: ارجنٹینا کیخلاف میچ سے قبل کیپ وردے کو بڑا دھچکا، کپتان پر ریپ کا الزام
فیفا ورلڈکپ میں پہلی مرتبہ رسائی حاصل کرنے والی کیپ وردے کی ٹیم نے اپنی پہلی ہی شرکت میں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ کر شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔
تاہم اب ناک آؤٹ مرحلے میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کے خلاف میچ سے قبل کیپ وردے کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
ٹیم کے کپتان اور تجربہ کار فارورڈ ریان مینڈیز نیوزی لینڈ میں ایک خاتون کی جانب سے لگائے گئے زیادتی کے الزام کے بعد پولیس تحقیقات کی زد میں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مارچ میں نیوزی لینڈ میں ہونے والی فیفا سیریز کے دوران ٹیم کے ساتھ مترجم کے طور پر کام کرنے برازیلین خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ آکلینڈ کے ایک ہوٹل میں ریان مینڈیز نے زبردستی ان کے کمرے میں داخل ہو کر ان کے ساتھ زیادتی کی۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خاتون نے مبینہ جسمانی تشدد کے شواہد اور تصاویر پولیس کو فراہم کی ہیں۔
تاحال ریان مینڈیز پر کسی جرم کی باقاعدہ فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔
نیوزی لینڈ پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک تجزیے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی قانونی کارروائی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
ادھر فیفا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ہر قسم کے بدسلوکی کے الزامات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے اور اس معاملے پر نیوزی لینڈ کے حکام سے رابطے میں ہے تاہم جاری تحقیقات کے باعث مزید تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔
ریان مینڈیز موجودہ ورلڈ کپ میں کیپ وردے کے تینوں میچ کھیل چکے ہیں۔