صحیفہ جبار خٹک کے مردانہ لباس پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید

صحیفہ جبار خٹک ایک بار پھر اپنے منفرد انداز کی وجہ سے خبروں میں آ گئی ہیں

پاکستان کی مشہور ماڈل اور اداکارہ صحیفہ جبار خٹک ایک بار پھر اپنے منفرد انداز کی وجہ سے خبروں میں آ گئی ہیں۔  

شوبز کی دنیا میں اپنے مشہور ڈراموں بھول، لوگ کیا کہیں گے، رفتہ رفتہ، مورے پیا اور بیٹی میں اپنی اداکاری کے باعث پہچان بنانے والی صحیفہ حال ہی میں اپنے آبائی علاقے کے دورے کے دوران آف وائٹ رنگ کا مردانہ کرتا شلوار زیب تن کیے چھوٹے بالوں کے ساتھ ایک منفرد انداز میں نظر آئیں۔

اداکارہ نے اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اپنی جڑوں سے دوبارہ جڑنا ایک خوبصورت احساس ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان چاہے دنیا کی نظر میں کتنی ہی کامیابیاں حاصل کر لے، اپنے شہر اور لوگوں سے وابستگی ہمیشہ برقرار رہتی ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں مقامی لوگوں کی محبت، دعوتوں اور پرتپاک استقبال کو بھی سراہا۔

 

تاہم صحیفہ کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو پسند نہ آیا اور ان کی پوسٹ پر صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ کئی صارفین نے ان کے لباس اور حلیے پر تنقید کرتے ہوئے مختلف تبصرے کیے، جبکہ بعض نے انہیں مردانہ ناموں سے بھی پکارا۔ کچھ افراد نے ان کے انداز کو غیر معمولی قرار دیا، جبکہ دیگر نے ان کے حامیوں پر بھی تنقید کی کہ وہ ایسے طرزِ عمل کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

دوسری جانب، بعض صارفین نے صحیفہ کے حق میں بھی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو اپنی پسند کے مطابق لباس پہننے اور اپنی شخصیت کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے۔

یاد رہے کہ صحیفہ جبار کچھ دن قبل بھی اپنے متنازعہ لباس کی وجہ سے سوشل میڈیا پرٹرینڈ کر رہی تھیں۔

 

Load Next Story