بھارتی چینلز کو اپنے گانے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، سجاد علی کی وضاحت

ایک بھارتی پروگرام میں بچوں کو اپنا مشہور گانا گاتے دیکھا جس کی تعریف کرنا چاہتا تھا تاہم اس پر تنازع کھڑا کر دیا گیا

پاکستان کے معروف گلوکار سجاد علی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی کسی بھارتی ٹی وی چینل کو اپنے گانے استعمال کرنے کی اجازت یا کاپی رائٹ کلیئرنس نہیں دی۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی چینلز ان کے گانے بغیر اجازت استعمال کرتے ہیں اور ان کی ٹیم اس معاملے کا جائزہ لے گی۔

انسٹاگرام پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں سجاد علی نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے ان کے حوالے سے غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں، جن میں یہ دعویٰ بھی شامل ہے کہ انہوں نے پاکستان آئیڈل کے شرکا کو اپنے گانے گانے کی اجازت نہیں دی، جبکہ بھارتی پروگراموں میں یہی گانے پیش کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک بھارتی پروگرام میں دو بچوں کو ان کا مشہور گانا "راوی" گاتے دیکھا، جس کی وہ تعریف کرنا چاہتے تھے، تاہم اس پر بھی غیر ضروری تنازع کھڑا کر دیا گیا۔

سجاد علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی پاکستان آئیڈل کے خلاف پریس کانفرنس نہیں کی بلکہ ٹورنٹو میں اپنے شو کے دوران پوچھے گئے سوال کے جواب میں صرف یہ کہا تھا کہ ایسے پروگرام نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔

گلوکار نے مزید کہا کہ موسیقی کے حقوق ایک قانونی معاملہ ہیں اور بہت سے فنکار اپنی تخلیقات کے تجارتی استعمال کی اجازت نہیں دیتے۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں پر یقین کرنے کے بجائے حقائق کی تصدیق کریں اور اپنے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کریں۔

Load Next Story