پولیس نے قیدی وین سے فرار ہونے والے ایک اور حوالاتی کو گرفتار کر لیا

دوبارہ گرفتار کیے جانے والے حوالاتیوں کی مجموعی تعداد 8 ہو گئی ہے

راولپنڈی:

راولپنڈی میں قیدی وین سے فرار ہونے والے حوالاتیوں کی گرفتاری کے لیے جاری آپریشن میں مزید اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پولیس نے ایک اور فرار ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تازہ کارروائی میں گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت وہاب کے نام سے ہوئی ہے جو ایک سنگین مقدمے میں گرفتار تھا اور قیدی وین سے فرار ہونے والوں میں شامل تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کامیابی کے بعد فرار ہو کر دوبارہ گرفتار کیے جانے والے حوالاتیوں کی مجموعی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

پولیس کے مطابق دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی خصوصی ٹیمیں مسلسل مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہیں جبکہ باقی فرار ملزمان کو بھی جلد گرفتار کیے جانے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مفرور حوالاتیوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ تحصیل کچہری کہوٹہ سے پیشی کے بعد اڈیالہ جیل منتقلی کے دوران پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر 14 قیدی گزشتہ روز فرار ہوگئے تھے چار قیدیوں کو پولیس نے موقع پر ہی پکڑلیا تھا۔

Load Next Story