ممبئی کے ساحل پر 26 فٹ لمبا ہمپ بیک وہیل کا بچہ ہلاک، ریسکیو ٹیموں کی کوششیں ناکام

اطلاع ملنے پر شہری انتظامیہ، سمندری حیات کے ماہرین اور ویٹرنری ڈاکٹرز پر مشتمل ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں

ممبئی: بھارت کے شہر ممبئی کے ساحلی علاقے باندرہ میں ایک 26 فٹ لمبا ہمپ بیک وہیل کا بچہ ساحل پر پھنس جانے کے بعد ہلاک ہو گیا۔ حکام اور جنگلی حیات کے ماہرین نے اسے بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہیل کو زندہ نہ بچایا جا سکا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ممبئی کے علاقے باندرہ کی ساحلی پٹی پر پیش آیا، جہاں مقامی افراد نے ایک بڑی وہیل کے بچے کو ساحل پر پھنسا ہوا دیکھا اور فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔

اطلاع ملنے پر محکمہ جنگلات، شہری انتظامیہ، سمندری حیات کے ماہرین اور ویٹرنری ڈاکٹرز پر مشتمل ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ امدادی کارروائی کئی گھنٹوں تک جاری رہی اور وہیل کو دوبارہ گہرے پانی میں منتقل کرنے کی کوشش کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیموں نے تمام ممکنہ اقدامات کیے، لیکن وہیل کی حالت انتہائی نازک ہونے کے باعث اسے بچانا ممکن نہ ہو سکا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

بعد ازاں بھارتی وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقررہ ضابطوں کے مطابق وہیل کی باقیات کا معائنہ کیا گیا، جس کے بعد سمندری جانور کو باقاعدہ طور پر دفن کر دیا گیا۔

ماہرین کے مطابق وہیل کے ساحل پر پھنس جانے کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں، جن میں سمندری لہروں کا رخ تبدیل ہونا، بیماری، زخمی ہونا، آلودگی یا نیویگیشن میں خرابی شامل ہیں۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ وہیل کے ساحل پر آنے اور ہلاکت کی اصل وجہ کیا تھی۔https://www.youtube.com/shorts/q7aBolwoxnw

جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سمندری ماحول میں تبدیلی، آلودگی اور انسانی سرگرمیوں کے باعث دنیا کے مختلف ساحلی علاقوں میں وہیل اور دیگر بڑے سمندری جانوروں کے ساحل پر پھنسنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

Load Next Story