لاہور ائیرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، اٹلی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 3 مسافر آف لوڈ
ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ائیرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی ایک منظم کوشش ناکام بنا دی اور قانونی طور پر آذربائیجان کے راستے سفر کرنے والے تین مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں میں ایک باپ اور اس کے دو بیٹے شامل ہیں، جو پرواز نمبر PA-468 کے ذریعے لاہور سے باکو جا رہے تھے۔
ویری فکیشن کے دوران مسافروں سے البانیا کے ویزے اور سربیا سے متعلق ڈیجیٹل شواہد برآمد ہوئے، جبکہ ان کے موبائل فونز سے مشتبہ ٹریول ایجنٹس سے رابطوں کے ثبوت بھی ملے۔
ابتدائی تفتیش میں مسافروں نے اعتراف کیا کہ ایک ایجنٹ نے انہیں غیر قانونی طور پر اٹلی بھجوانے کے لیے سربیا اور آذربائیجان کا روٹ تیار کیا تھا۔
مسافروں کے مطابق ایجنٹ نے فی مسافر 40 لاکھ روپے میں اٹلی اسمگل کرنے کا معاہدہ کیا تھا، جبکہ فی مسافر 34 لاکھ روپے پہلے ہی ادا کیے جا چکے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تینوں مسافروں کو مزید تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔