علی خامنہ ای کی شہادت جدوجہد کا اختتام نہیں بلکہ نئے باب کا آغاز ہے، صدر مسعود پزشکیان
تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی سرکاری آخری رسومات سے قبل قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ان کے رہنما کی شہادت کسی سفر کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
ایرانی نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق صدر پزشکیان نے اپنے پیغام میں کہا کہ علی خامنہ ای کی شہادت ایرانی قوم کے عزم، اتحاد اور مزاحمت کے جذبے کو مزید مضبوط کرے گی۔
انہوں نے کہا، ’ہمارے رہنما کی شہادت اس راستے کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئے باب کی شروعات ہے۔‘
صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران اپنی قومی خودمختاری، بنیادی اصولوں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھے گا اور ملک کی قیادت عوام کے اعتماد اور قومی اتحاد کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھے گی۔
انہوں نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس نازک مرحلے پر اتحاد، صبر اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ملک کے استحکام اور سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
صدر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ایران اپنے قومی مقاصد اور پالیسیوں پر ثابت قدم رہے گا اور شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران میں علی خامنہ ای کی سرکاری آخری رسومات کی تیاریاں جاری ہیں، جن میں مختلف ممالک سے اعلیٰ حکومتی، سیاسی اور مذہبی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق صدر پزشکیان کا پیغام ایرانی عوام کے لیے حوصلہ افزا اور سیاسی استحکام کا پیغام ہے، جبکہ اس کا مقصد موجودہ علاقائی حالات میں قومی اتحاد کو مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔