حکومت سندھ کا “آئی ورک فار سندھ” کو باقاعدہ سرکاری پروگرام بنانے کا فیصلہ
حکومت سندھ نے روزگار کی فراہمی کے پائلٹ منصوبے “آئی ورک فار سندھ” کو باقاعدہ سرکاری پروگرام میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے اجلاس میں پروگرام کی کارکردگی، مستقبل کی حکمت عملی اور اسے مزید مؤثر بنانے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈی جی پی آر معز پیرزادہ، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ محمد یوسف کابورو، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن اور ڈپٹی ڈائریکٹر سارنگ لطیف چانڈیو سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق “آئی ورک فار سندھ” ایک مؤثر ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر ابھر چکا ہے، جسے سندھ کے نوجوانوں اور روزگار فراہم کرنے والے اداروں کے درمیان پل کی حیثیت حاصل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک پلیٹ فارم پر 48 لاکھ سے زائد افراد وزٹ کر چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 13 ہزار امیدوار رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ ان کے مطابق 670 کمپنیاں پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہیں، 11 ہزار 100 ملازمتیں اس وقت فعال ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 20 ہزار 800 نوکریاں پوسٹ کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 4 لاکھ 19 ہزار سے زائد ملازمت کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ پلیٹ فارم پر خودکار سی وی بنانے کی سہولت بھی موجود ہے، جبکہ “لرن اینڈ ارن” فیچر کے ذریعے نوجوان سیکھنے کے ساتھ آمدن بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ جلد ہی اس پلیٹ فارم پر صنعتی ماہرین کی جانب سے لائیو کیریئر کاؤنسلنگ کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی، جس کے ذریعے نوجوانوں کو براہ راست رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اس پائلٹ منصوبے کو باقاعدہ سرکاری پروگرام میں تبدیل کرنا چاہتی ہے تاکہ صوبے بھر کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔
شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ پروگرام کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے مستفید ہو سکیں۔
اجلاس میں حکومتی منصوبوں کی مؤثر تشہیر، جدید ڈیجیٹل کمیونیکیشن حکمت عملی، میڈیا ہاؤسز سے متعلق امور اور اظہار رائے کی آزادی کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینئر وزیر نے کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت اور عوام کے درمیان مؤثر رابطے کا بنیادی ذریعہ ہے، اور جدید تقاضوں کے مطابق معلومات کی بروقت اور شفاف ترسیل یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ صحافتی اداروں کے ساتھ مثبت، پیشہ ورانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا جائے، جبکہ میڈیا سے متعلق تمام امور قانون اور قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت نمٹائے جائیں۔
اجلاس میں محکمہ اطلاعات کے تحت فلمی منصوبوں، ان کی ڈسٹری بیوشن، نمائش اور دیگر انتظامی معاملات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔