اداکارہ مومنہ اقبال کے ہراسانی کیس میں اہم پیشرفت

تفتیشی افسر کے مطابق مقدمے کی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے

اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کو ریلیف مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نصرت علی صدیقی نے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ ملزمہ سمیرا کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران ایم پی اے ثاقب چڈھر اپنی اہلیہ سمیرا کے ہمراہ حاضری کے لیے پیش ہوئے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ سمیرا اب تک تفتیش میں شامل نہیں ہوئیں جبکہ دونوں ملزمان کے موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے بھجوائے جا چکے ہیں۔

تفتیشی افسر کے مطابق مقدمے کی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

عدالت نے ملزمہ سمیرا کو تفتیش میں شامل ہونے کا ایک اور موقع دیتے ہوئے سماعت 13 جولائی تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر ہراسانی اور دھمکیوں کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

Load Next Story