خیبر پختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ نے تباہی مچا دی، 7 افراد جاں بحق، 19 زخمی

حادثات خیبر، دیر زیریں، دیر بالائی، مردان، شانگلہ، باجوڑ اور چترال زیریں سمیت مختلف اضلاع میں پیش آئے

فائل فوٹو

پشاور:

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والی موسلا دھار بارشوں، آندھی اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہوگئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 مرد، ایک خاتون اور 4 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، ایک خاتون اور 11 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں 38 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 36 گھروں کو جزوی جبکہ 2 گھروں کو مکمل طور پر نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ حادثات خیبر، دیر زیریں، دیر بالائی، مردان، شانگلہ، باجوڑ اور چترال زیریں سمیت مختلف اضلاع میں پیش آئے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین تک فوری امدادی سامان پہنچانے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 3 جولائی تک صوبے کے مختلف علاقوں میں مزید تیز بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، جس سے کمزور عمارتوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، خیبر، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت متعدد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور موسمی الرٹس پر عمل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں معلومات یا مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Load Next Story