پشاور میں دستی بم دھماکے میں 1 بچی جاں بحق، دو بچے زخمی
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں دستی بم دھماکے میں 1 بچی جاں بحق جبکہ دو بچے زخمی ہوگئے، حادثے کے وقت بچے کھیل رہے تھے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے فقیر آباد، سعید آباد میں سڑک کنارے دستی بم دھماکا ہوا جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی۔
ایس پی کے مطابق دھماکے کے وقت بچے کھیل رہے تھے، حادثے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ دو بچے زخمی ہو ئے جبکہ جائے وقوعہ سے دستی بم کا کلپ ملا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بچے دستی بم سے کھیل رہے تھے۔
ایس پی کے مطابق لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اُدھر بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد ہینڈ گرنیڈ دھماکے کی تصدیق کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مسمی اجمل کباڑ کا کاروبار کرتا ہے جبکہ واقعہ کا مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔