برطانیہ؛ شادی سے متعلق ریئلٹی شو میں شریک خواتین کیساتھ زیادتی؛ اداکار گرفتار

ریئلٹی شو’’میریڈ ایٹ فرسٹ سائٹ‘‘ میں اجنبی مرد اور خواتین پہلی ملاقات ہی میں علامتی شادی کرتے ہیں

ریئلٹی شو میں شریک اداکار نے دو خواتین شرکا کو زیادتی کا نشانہ بنایا

برطانیہ کے مقبول ریئلٹی شو’’میریڈ ایٹ فرسٹ سائٹ یوکے‘‘میں شریک ایک اداکار کو شو کے دوران ہی خواتین شرکا کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی اور جنسی بدسلوکی کے الزام میں حراست میں لے لیا۔

یہ پیش رفت بی بی سی پانوراما کی تحقیقی رپورٹ نشر ہونے کے بعد سامنے آئی جس میں جنسی زیادتی کے سنگین الزامات سامنے آئے تھے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت قانونی وجوہات کی بنا پر ظاہر نہیں کی گئی جبکہ مبینہ متاثرہ خواتین کا نام بھی رازداری کے قانون کے تحت خفیہ رکھا گیا۔

پانوراما کی تحقیق میں کیا انکشافات ہوئے؟

رواں سال مئی میں نشر ہونے والی بی بی سی پانوراما کی تحقیق میں شو میں شریک دو خواتین نے زیادتی کے الزامات عائد کیے جبکہ تیسری خاتون نے دعویٰ کیا کہ ان کے ساتھ  رضامندی کے بغیر جنسی فعل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جس مرد کنٹیسٹس پر الزامات لگائے گئے انھوں نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے خود کو بے گناہ قرار دیا ہے۔

پولیس نے کارروائی کیسے آگے بڑھائی ؟

پانوراما پروگرام نشر ہونے کے بعد میٹروپولیٹن پولیس نے شو میں شریک ایسے تمام افراد سے رابطہ کرنے کی اپیل کی تھی جو خود کو جنسی زیادتی یا بدسلوکی کا شکار سمجھتے ہوں۔

پولیس نے تازہ بیان میں تصدیق کی کہ ایک شخص کو زیادتی کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم ابتدائی تفتیش کے بعد اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے جبکہ تحقیقات بدستور جاری ہیں۔

تاحال پولیس نے گرفتار شخص پر باضابطہ فردِ جرم عائد نہیں کی جبکہ تحقیقات مکمل ہونے تک اسے قانون کی نظر میں بے گناہ تصور کیا جائے گا۔

پولیس نے مزید کہا کہ کیس حساس نوعیت کا ہے اس لیے اس مرحلے پر مزید تفصیلات جاری نہیں کی جا سکتیں۔

چینل فور کا ردعمل

شو نشر کرنے والے برطانوی ٹی وی چینل چینل 4 نے الزامات سامنے آنے کے بعد ریئلٹی شو کی تمام اقساط اپنی اسٹریمنگ سروس سے عارضی طور پر ہٹا دی تھیں۔

براڈکاسٹر نے شو میں شریک افراد کی فلاح و بہبود سے متعلق آزادانہ جائزے کا بھی حکم دیا ہے۔ یہ جائزہ رواں موسمِ گرما کے اختتام تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

تاہم چینل فور نے کہا ہے کہ مکمل رپورٹ کے بجائے صرف اس کے نتائج کا خلاصہ جاری کیا جائے گا۔

نئے سیزن پر غیر یقینی صورتحال

شو کا نیا سیزن پہلے ہی ریکارڈ کیا جا چکا ہے لیکن چینل 4 نے تاحال یہ فیصلہ نہیں کیا کہ اسے مقررہ وقت پر نشر کیا جائے گا یا نہیں۔

پروڈکشن کمپنی کا مؤقف

شو تیار کرنے والی آزاد پروڈکشن کمپنی سی پی ایل پروڈکشن نے اس سے قبل اپنے وکلا کے ذریعے جاری بیان میں کہا تھا کہ شو میں شریک افراد کی حفاظت اور ذہنی و جسمانی فلاح کے لیے ان کا نظام "گولڈ اسٹینڈرڈ" اور انڈسٹری کے بہترین نظاموں میں شمار ہوتا ہے۔

ریئلٹی شو Married at First Sight UK کیا ہے ؟ 

یہ شو برطانیہ کا ایک مقبول ترین پروگرام ہے جس میں اجنبی مرد اور خواتین ماہرین کی مشاورت سے پہلی ملاقات ہی میں علامتی شادی کرتے ہیں اور بعد ازاں ایک ساتھ ازدواجی زندگی گزارنے کی کوشش کرتے ہیں۔

یہ شو گزشتہ 10 سیزن سے نشر ہو رہا ہے اور ہر سیزن میں 30 لاکھ سے زائد ناظرین اسے دیکھتے ہیں۔

 

Load Next Story