ایم آئی ٹی سولیوشنز نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ-2 گولڈ فائنل جیت لیا
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ II گولڈ کے فائنل میں ایم آئی ٹی سلوشنز نے کنگز مین اکیڈمی کے خلاف پہلی اننگز میں 82 رنز کی برتری کی بنیاد پر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
چار روزہ فائنل ڈرا ہونے کے باوجود ایم آئی ٹی سلوشنز کو فاتح قرار دیا گیا اور ٹیم نے آئندہ سیزن کی صدر ٹرافی گریڈ 1فرسٹ کلاس کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔
ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں کنگز مین اکیڈمی نے دوسری اننگز 6 وکٹوں پر 385 رنز بنائے اور ایم آئی ٹی سلوشنز کو جیت کے لیے 304 رنز کا ہدف دیا۔ تاہم ایم آئی ٹی سلوشنز نے مقررہ 75 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا۔
ایم آئی ٹی سلوشنز کی جانب سے عبداللہ شفیق نے ناقابل شکست 60 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ زاہد منصور 40، آفاق احمد 40 اور حسنین ندیم 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اس سے قبل کنگز مین اکیڈمی نے اپنی دوسری اننگز میں رانا فصیح اللہ کی صرف 44 گیندوں پر ناقابل شکست 71 رنز اور محمد شیان کی 63 رنز کی اننگز کی بدولت 385 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کی تھی۔
ٹورنامنٹ جیتنے پر ایم آئی ٹی سلوشنز کو 50 لاکھ روپے انعامی رقم اور ٹرافی دی گئی جبکہ رنر اپ کنگز مین اکیڈمی کو 25 لاکھ روپے اور ٹرافی سے نوازا گیا۔
فائنل میں دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے پر عبداللہ شفیق کو پلیئر آف دی فائنل قرار دیا گیا۔ انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں 8 میچوں میں 911 رنز اسکور کر کے بہترین بیٹر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔