علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کیلیے وزیراعظم ایران روانہ ہوگئے
وزیراعظم شہباز شریف آج ایران اور ترکیہ کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ دورے کے پہلے مرحلے میں وزیراعظم ایران جائیں گے، جہاں وہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نئیر حسین بخاری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم ایران کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی، ہمدردی اور دوطرفہ تعاون کے عزم کا اعادہ کریں گے۔
دوسری جانب، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں پاکستانی وفد پہلے ہی تہران پہنچ چکا ہے۔ وفد میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ اور مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے نمائندے شامل ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی تہران پہنچ چکے ہیں، جہاں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ان کا استقبال کیا۔
ایرانی حکام کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کی سات روزہ آخری رسومات کا آغاز ہو چکا ہے، جن میں دنیا بھر سے 100 سے زائد ممالک کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ تقریبات کا اختتام 9 جولائی کو مشہد میں تدفین کے ساتھ ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف ایران کے دورے کے بعد ترکیہ جائیں گے، جہاں وہ دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر ترک قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔