لاہور سے 2 غیر ملکی خواتین بازیاب، زیادتی کا انکشاف
لاہور سے اغوا کی گئی ہالینڈ اور وینزویلا سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کو پولیس نے بحفاظت بازیاب کرا لیا جبکہ اغوا میں ملوث چار ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم رضا ڈار اور دونوں غیر ملکی خواتین کے درمیان سنگاپور میں کاروباری شراکت داری تھی۔ مزید سرمایہ کاری کے تنازع پر ملزم نے خواتین کو ویزے کے ذریعے پاکستان بلوایا جہاں اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ان کے ساتھ زیادتی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اپنی سرمایہ کاری کی رقم واپس لینے کے لیے خواتین پر دباؤ ڈالتا رہا۔ جب خواتین نے رقم کے حصول کے لیے ہالینڈ میں اپنے اہل خانہ سے رابطہ کیا تو ان کے والد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں خواتین کو محض دو گھنٹوں میں بازیاب کرا لیا بعد ازاں انہیں کینٹ کچہری میں پیش کیا گیا جہاں ان کے بیانات بھی ریکارڈ کر لیے گئے۔
تھانہ ڈیفنس سی پولیس نے مقدمے میں گرفتار ملزمان کو بھی کینٹ کچہری پیش کردیا، جوڈیشل مجسریٹ اظہر محمود نے کیس کی سماعت کی، عدالت میں تمام ملزمان کی حاضری مکمل کی گئی، فاضل جج نے ملزمان کا کمرہ عدالت میں ماسک اتروا دیا۔
عدالت نے ملزمان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، ملزمان میں رضا ڈار، حسن رضا، ساجد علی، سکندر خان شامل ہیں۔