انٹربینک، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ
فوٹو: فائل
انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں مسلسل 190 ویں روز ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق زرمبادلہ کی اسمگلنگ پر قابو پانے، ترسیلات زر کی آمد بغیر کسی چارجز کے سہل بنانے سے اگلے سال ترسیلات کا حجم 44 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچنے کی پیش گوئی سے زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعے کو مسلسل 190 ویں دن بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔
پاکستان کے عالمی بانڈز کی ریٹنگ ممکنہ طور پر اپ گریڈ ہونے کے امکانات اور ڈالر کی قدر 250روپے کی سطح پر آنے کی پیش گوئی سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔
انٹربینک مارکیٹ میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 28پیسے کی کمی سے 277روپے 87پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن سپلائی میں بہتری رونما ہوتے ہی متعلقہ ریگولیٹر اور درآمدی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر مزید 03پیسے کی کمی سے 278روپے 12پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 6 پیسے کی کمی سے 279 روپے 36پیسے کی سطح پر بند ہوئی، مشرق وسطیٰ کا بحران ختم ہونے اور آبنائے ہرمز کے ذریعے عالمی تجارت کی بحالی سے اہم کموڈیٹیز کی قیمتوں میں کمی جیسے مثبت اشاریوں سے بھی روپیہ کو سہارا ملا ہے۔