منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے مبینہ شوہر کے خلاف مقدمہ درج
فوٹو: فائل
منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے مبینہ شوہر کے خلاف لاہور کے تھانہ نواب ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
لاہور پولیس کے مطابق منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتارانمول عرف پنکی کیس کے معاملے پر ان کے مبینہ شوہر ریٹائرڈ پولیس افسر رانا اکرم کے خلاف تھانہ نواب ٹاؤن لاہور میں یاسمین تبسم نامی خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
انمول عرف پنکی کے مبینہ شوہر کے خلاف درج مقدمے کے حوالے سے بتایا گیا کہ مقدمہ سی سی پی او کی انکوائری میں قصور وار ثابت ہونے پر درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ خاتون نے کہا کہ ملزم رانا اکرم 10 سے زائد پولیس اہلکاروں کے ساتھ زبردستی گھر میں گھسا، رانا اکرم اور دیگر پولیس اہلکار شوہر پر تشدد کرتے رہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملزمان گھر سے 55 لاکھ مالیت کے زیورات، 8 لاکھ ملکی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی سامان ساتھ لے گئے۔
خاتون نے کہا کہ ملزمان نے میرے شوہر پر جھوٹا مقدمہ درج کروایا اور انہیں بھی اپنے ساتھ لے گیے، ملزمان گھر سے ایک گاڑی بھی لے کر فرار ہوئے۔
پولیس نے بتایا کہ رانا اکرم پولیس سروس سے ریٹائر ہوچکا ہے جبکہ مقدمےکی تفتیش جاری ہے۔