مشہور کمپنی کا اسٹریمنگ پلیٹ فارم سے 551 فلمیں ہٹانے کا اعلان
ٹیکنالوجی کمپنی سونی کے اسٹریمنگ پلیٹ فارم سے صارفین کی خریدی ہوئی فلمیں ڈیلیٹ کرنے کے اعلان نے صارفین میں غصے کی لہر دوڑا دی۔
سونی کے اعلان کے مطابق یکم ستمبر سے پلے اسٹیشن صارفین کی رسائی ان کی خریدی ہوئی 551 فلموں تک ختم ہو جائے گی۔ جس پر صارفین شدید برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔
کمپنی کے مطابق برطانیہ میں پلے اسٹیشن کے وہ صارفین جنہوں نے اسٹوڈیو کینال کی فلمیں خرید رکھی ہیں، وہ لائسنسنگ معاہدوں کے خاتمے کے باعث انہیں مزید اسٹریم نہیں کر سکیں گے جبکہ یہ فلمیں ان کی ویڈیو لائبریری سے بھی ہٹا دی جائیں گی۔
متاثرہ فلموں میں پیڈنگٹن سیریز، ٹرمینیٹر 2، اپوکلیپس ناؤ اور پینز لیبرنتھ سمیت متعدد معروف فلمیں شامل ہیں۔
سونی کی جانب سے صارفین کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مواد کی لائسنسنگ سے متعلق معاہدوں کی وجہ سے اسٹوڈیو کینال کی پہلے خریدی گئی فلموں تک رسائی ختم کی جا رہی ہے اور انہیں صارفین کی ویڈیو لائبریری سے بھی حذف کر دیا جائے گا۔
اس فیصلے کے بعد متعدد صارفین نے سوشل میڈیا پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ جب فلمیں خریدی گئی تھیں تو پھر انہیں صارفین کی لائبریری سے کیوں ہٹایا جا رہا ہے۔