پاکستان کو دہشتگرد حملوں کیخلاف اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، امریکی محکمہ خارجہ
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گرد حملوں کیخلاف اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
بین الاقوامی نیوزایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کیخلاف اس کے حق دفاع میں کی کارروائیوں کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام نے دہشتگردی کی جنگ میں بہت نقصان اٹھایا ہے اور بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
واضح رہے کہ آپریشن غضب للحق کے تحت پاکستان نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
اس سے قبل بھی امریکا پاکستان کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم شراکت دار قراردے چکا ہے، امریکی سینٹرل کمانڈ کے سابق سربراہ جنرل مائیکل کوریلا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت اور انسدادِ دہشتگردی کی کوششوں کی کھل کر تعریف کر چکے ہیں۔
عالمی ماہرین کے مطابق کراچی میں رینجزتنصیبات پر حالیہ دہشتگردی کے علاوہ ناقابل تردید شواہد موجود ہیں کہ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین مسلسل استعمال ہو رہی ہے، پاکستان نے بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کابیان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے موقف کو تقویت دیتا ہے، آپریشن غضب للحق کے تحت فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کیلئے افواج پاکستان کاعزم غیرمتزلزل ہے۔
پاکستان کے حقِ دفاع کی عالمی حمایت اور دہشتگردوں کی حمایت اورسرپرستی پر طالبان رجیم ہزیمت کا شکار ہوگئی ہے۔