چین: پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کا کاشغر میں این ایل سی لاجسٹکس مرکز کا دورہ

این ایل سی کی سرحد پار لاجسٹکس سرگرمیوں، جدید سہولیات اور آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی

چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کاشغر میں نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) کے لاجسٹکس مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہیں این ایل سی کی سرحد پار لاجسٹکس سرگرمیوں، جدید سہولیات اور آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سفیر خلیل ہاشمی نے پاک چین تجارت اور دوطرفہ روابط کے فروغ میں این ایل سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاشغر اور تاشکرگن میں قائم این ایل سی کی سہولیات دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ این ایل سی کے لاجسٹکس مراکز چین کے ساتھ ساتھ وسطی ایشیا کے ممالک، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان سمیت عالمی منڈیوں تک سامان کی بلا رکاوٹ ترسیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی کامیابی میں بھی این ایل سی مؤثر اور کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ این ایل سی نے چین میں سو فیصد ملکیتی لاجسٹکس کمپنی بھی قائم کر رکھی ہے، جبکہ اس کی جدید گاڑیاں پاک چین تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مصروفِ عمل ہیں۔

حکام کے مطابق این ایل سی کی جدید لاجسٹکس خدمات پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی روابط کو نئی جہت فراہم کر رہی ہیں۔

Load Next Story