زرافے سادہ ریاضی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، نئی تحقیق میں دلچسپ انکشاف
(تصویر: یونیورسٹی آف بارسیلونا)
اسپین میں ہونے والی ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ زرافے بنیادی سطح پر مقدار کا اندازہ لگانے اور سادہ ریاضی جیسی صلاحیت رکھنے کی قابلیت رکھتے ہیں۔
یہ تحقیق یونیورسٹی آف بارسلونا، یونیورسٹی آف لیپزگ اور میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ فار ایوولوشنری اینتھروپولوجی کے سائنس دانوں نے مشترکہ طور پر کی جس کے نتائج سائنسی جرنل سائنٹیفک رپورٹس میں شائع ہوئے۔
تحقیق کے دوران بارسلونا کے چڑیا گھر کے چار زرافوں کو دو برتن دکھائے گئے، جن میں مختلف مقدار میں گاجر کے ٹکڑے رکھے گئے تھے۔ بعد ازاں برتنوں کو ڈھانپ دیا گیا اور زرافوں کے سامنے ان میں مزید گاجر کے ٹکڑے شامل کیے گئے یا کچھ نکال لیے گئے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ زرافوں نے 68 فی صد مواقع پر درست اندازہ لگاتے ہوئے زیادہ گاجروں والے برتن کا انتخاب کیا، جو محققین کے مطابق محض اتفاق سے کہیں زیادہ بہتر کارکردگی ہے۔
محققین نے مزید تجربات کے ذریعے یہ بھی جانچا کہ آیا زرافے انسانوں کی حرکات دیکھ کر فیصلہ کر رہے تھے یا واقعی مقدار کا اندازہ لگا رہے تھے۔
نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ چار میں سے دو زرافے ممکنہ طور پر دیگر اشاروں سے متاثر ہوئے۔ تاہم، باقی دو زرافوں نے مسلسل زیادہ گاجروں والے برتن کا درست انتخاب کیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق اس بات کی جانب اشارہ کرتی ہے کہ زرافوں میں بنیادی عددی فہم موجود ہو سکتی ہے۔ البتہ، اس صلاحیت کو مزید بہتر انداز میں سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔