امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریب حضوری باغ لاہور میں منعقد

سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی نمائندگی کرتے ہوئے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی

امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریب حضوری باغ لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز، سرکاری حکام، سفارتی نمائندگان، کاروباری شخصیات، تعلیمی ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے کیا گیا، جبکہ بعد ازاں امریکہ کے 250 سالہ یومِ آزادی کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، عوامی روابط، ثقافتی تعاون، تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنے خطاب میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے امریکہ کے عوام کو 250ویں یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات جمہوری اقدار، باہمی احترام، خوشحالی اور مشترکہ ترقی کے اصولوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی، ثقافتی تبادلوں اور اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان ترقی، امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے سفر پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اعتماد اور مؤثر سفارت کاری دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے حضوری باغ میں شاندار لائٹ شو اور تقریب کے بہترین انعقاد پر والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور امریکی قونصل خانے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی ترقی کی داستان قومی عزم، قربانی اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان انوویشن، لیڈرشپ، ٹیکنالوجی، سیاحت، ثقافتی ورثے کے تحفظ، صنعتی ترقی، ویلیو ایڈیشن اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔

اس موقع پر امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، انٹرپرینیورشپ، تجارت اور دیگر شعبوں میں جاری تعاون کو سراہا اور باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب میں پاک امریکہ دوستی، مشترکہ اقدار اور شراکت داری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، ثقافتی تعاون اور مستقبل میں مزید مضبوط تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

Load Next Story