ملک کے بڑے دریاؤں میں پانی کی صورتحال معمول پر، بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی

گزشتہ روز ملک کے شمالی علاقوں پر موجود مغربی ہواؤں کا ٹرف مشرق کی جانب منتقل ہوگیا ہے

اسلام آباد:

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ہائیڈرو لاجیکل رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے تمام بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے اور کوئی خطرناک صورتحال موجود نہیں جبکہ بالائی علاقوں میں 7 سے 10 جولائی تک بارشوں کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ملک کے شمالی علاقوں پر موجود مغربی ہواؤں کا ٹرف مشرق کی جانب منتقل ہوگیا ہے جبکہ موسمی کم دباؤ کا علاقہ شمال مغربی بلوچستان پر واقع ہے۔

بھارت کی ریاست اوڈیشہ کے شمال مشرق پر گزشتہ روز کم دباؤ کا علاقہ شدت اختیار کرتے ہوئے مغرب کی جانب منتقل ہوگیا ہے جس کے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جھارکھنڈ کے اوپر پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران دریائے ستلج، راوی اور چناب کے بالائی طاسوں، کشمیر اور پنجاب کے شہروں سیالکوٹ، نارووال، قصور اور لاہور میں ملحقہ بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ملک کے باقی حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

اگلے 48 گھنٹوں کے دوران دریائے ستلج، راوی، چناب اور جہلم کے بالائی طاسوں، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور پنجاب کے اضلاع اٹک، بھکر، چکوال، گجرات، جہلم، خوشاب، میانوالی، راولپنڈی اور سرگودھا میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

رپورٹ میں ہفتہ وار پیشگوئی کے مطابق 7 سے 10 جولائی تک تمام بڑے دریاؤں کے بالائی طاسوں، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر شدید بارش کی توقع ہے جس کے باعث تمام بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح معمولی اضافہ متوقع ہے۔

دریاؤں کی صورتحال کے مطابق دریائے سندس بالائی اور زیریں طاس خشک ہیں جبکہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1476.04 فٹ اور منگلا ڈیم میں 1165.20 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ

Load Next Story