باجوڑ کا رہائشی کورنگی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل
کورنگی میں بائیک سوار تین افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا، مقتول کا تعلق تعلق باجوڑ سے ہے جو یوسی چئیرمین کے پاس مزدوری کرتا تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی چار نمبر اویس شہید پارک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
ایس ایچ او کورنگی انسپکٹر ملک اشفاق کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ فضل وہاب کے نام سے کی گئی، مقتول کورنگی ابراہیم حیدری میں واقع تھلے والے کے پاس رہتا تھا اس کا آبائی تعلق باجوڑ سے ہے، مقتول یوسی چئیرمین کے پاس مزدوری کا کام کرتا تھا۔
یوسی چئیرمین نے بھی مقتول کی شناخت کے حوالے سے تصدیق کی ہے۔ واقعے کے وقت مقتول موبائل فون پر بات چیت کر رہا تھا کہ ایک موٹرسائیکل پر 3 افراد آئے اور بات چیت کرنے کے بعد اسے فائرنگ کر کے قتل کردیا اور فرار ہوگئے، مقتول کے پاس سے ایک موبائل فون اور ایک ہزار 600 روپے سے زائد کی رقم اور ایک 10 جولائی کا باجوڑ جانے والی بس کا ٹکٹ ملا ہے۔
جائے وقوع کے قریب موجود ایک ہوٹل کے ملازم نے بتایا کہ مرنے والا مزدور تھا، تین نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان آئے تھے اور اس سے موبائل فون اور جیب میں موجود رقم مانگ رہے تھے جس پر اس نے نہیں دی، ملزمان اور مزدور میں کافی دیر تک بحث ہونے کے بعد موٹرسائیکل سواروں نے اس دو گولیاں ماریں اور فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔