آزاد کشمیر انتخابات 2026، امیدواروں کی حتمی فہرست جاری
فوٹو: فائل
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2026 کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی۔
الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق45 انتخابی حلقوں میں 852 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ 320 سے زائد امیدوار دستبردار ہوچکے ہیں۔
فہرست کے مطابق سب سے زیادہ کوٹلی کے 6 حلقوں سے 135 اور مظفرآباد کے 5 حلقوں سے 126 اور پونچھ و سدھنوتی کے 7 حلقوں سے 126 امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ میرپور کے 4 حلقوں سے 98، باغ و حویلی کے 4 حلقوں سے 83، بھمبر کے 3 حلقوں سے 63، نیلم کے 2 حلقوں سے 51 اور جہلم ویلی سے 34 امیدوار قسمت آزمائی کریں گے۔
اسی طرح مہاجرین کی 12 نشستوں پر 126 امیدوار آمنے سامنے ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ24 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کردیے گئے ہیں اور آزاد امیدواروں کو بھی جلد نشانات جاری ہوں گے۔