ایرانی قوم کا شہید سپریم لیڈر کا انتقام، مزاحمت کامطالبہ ہے، سیکیورٹی چیف
فوٹو: ارنا
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ محمدباقر ذوالقدر نے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ اور آخری رسومات میں مزاحمت اور انتقام کا مطالبہ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سیکریٹری قومی سلامتی کونسل محمد باقر ذوالقدر نے بیان میں کہا کہ آنے والے دنوں میں اپنی نظریں ایران پر مرکوز رکھیں، یہ وہی ایران ہے جس کے بارے میں تم نے سوچا تھا کہ اس کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے لیے صرف چند دن لگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے سپریم لیڈر کی تجہیز و تدفین میں لوگوں کا سمندر جمع ہوا، جو باآواز بلند دشمن کے خلاف مزاحمت اور ایران کے شہید لیڈر کے خون کا بدلہ کے دو نعرے لگا رہے تھے۔
یاد رہے کہ ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو اسرائیل اور امریکا نے 28 فروری کو ایران پر کیے گئے حملے میں شہید کردیا تھا، اس حملے میں ان کے اہل خانہ کے متعدد افراد سمیت پاسداران انقلاب کے سرکردہ کمانڈرز اور دیگر اعلیٰ سیاسی شخصیات بھی شہید ہوگئی تھیں۔
ایران اور امریکا کے درمیان 40 روز کے بعد جنگ بندی ہوئی تھی اور پاکستان کی ثالثی میں اسلام آباد امن مفاہمتی معاہدہ طے ہوا جس کے تحت دونوں ممالک کے براہ راست مذاکرات شروع ہوگئے ہیں اور اس سلسلے میں سوئٹزرلینڈ کے بعد قطر میں مذاکرات کے دور ہوچکے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اب دونوں ممالک کے درمیان 11 جولائی کو مذاکرات شیڈول ہیں جو اسلام آباد میں ہوں گے۔