آزاد کشمیر؛ کالعدم کمیٹی کا تاجر رہنما پر مبینہ تشدد، نیم مردہ حالت میں پھینک کر فرار

انجمن تاجران ارجہ کے سیکریٹری جنرل سردار ناصر جنڈالہ کراس میں ایمبولینس کے لیے راستے بنانے پہنچے مگر ان پر تشدد کیاگیا

فوٹو: ایکسپریس نیوز

آزاد کشمیر میں کالعدم تنظیم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے20 سے 25 نقاب پوش افراد نے مبینہ طور پر انجمن تاجران ارجہ کے سیکریٹری جنرل سردار ناصر ارباب اور ان کے کزن حسام پر بدترین تشدد کیا اور انہیں نیم مردہ حالت میں پھینک کر فرار ہوئے اور شدید فائرنگ بھی کی گئی تاہم فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

آزاد جموں و کشمیر میں گزشتہ روز جنڈالہ کراس کے قریب کالعدم تنظیم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے درخت کاٹ کر مین سڑک بند کی گئی تھی جس کی وجہ سے ڈیڈ باڈی لے جانے والی ایک ایمبولینس بھی پھنس گئی تھی جہاں تاجر رہنما راستہ بنانے پہنچے تھے۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ انجمن تاجران ارجہ کے سیکریٹری جنرل سردار ناصر ارباب چند نوجوانوں کے ہمراہ ایمبولینس کے لیے راستہ بنانے مذکورہ مقام پر پہنچے ہی تھے کہ کالعدم تنظیم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے 20 سے 25 افراد نے اندھادھند فائرنگ شروع کر دی اور سردار ناصر ارباب اور اس کے کزن حسام کو گن پوائنٹ پر روک لیا اور تشدد کرتے ہوئے راولاکوٹ کی طرف سڑک پر گھسیٹتے ہوئے ہلاں بازار تک لے گئے۔

مزید بتایا گیا کہ ہلاں بازار سے ہائی ایس گاڑی جو پہلے سے وہاں موجود تھی میں ڈال کر پانیولہ لے گئے جہاں پر صبح 6 بجے تک تشدد کرتے رہے جبکہ ناصر ارباب اور حسام ان افراد کی منت سماجت کرتے رہے لیکن کالعدم تنظیم کے یہ تشدد پسند افراد اس بات پر مصر رہے کہ تم انتظامیہ کو دیگیں پکا کر دیتے ہو۔

سردار ناصر ارباب شدید تشدد کے باعث بے ہوش ہو گئے جنہیں بعدازاں نیم مردہ حالت میں ہلاں بازار کے پاس سڑک کنارے پھینک کر کالعدم کمیٹی کے افراد فرار ہو گئے۔

Load Next Story