راولپنڈی میں باپ بیٹے کا قتل مویشی باندھنے پر تلخ کلامی کا شاخسانہ نکلا
فوٹو: فائل
راولپنڈی میں باپ بیٹے کے دوہرے قتل کا واقعہ حویلی میں مویشی باندھنے پر ہونے والی تلخ کلامی کا شاخسانہ نکلا۔
دوہرے قتل کا واقعہ گزشتہ روز 5 جولائی کو تھانہ گوجرخان کے علاقے کھینگر مبرال میں پیش آیا تھا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتول ارشد محمود کے بھائی محمد منیر کے بیان پر ملزم ماسٹر عاطف اور اس کے بھائی مدثر رفیق کے خلاف قتل اور اعانتِ جرم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
متنِ مقدمہ کے مطابق مقتول کا بیٹا مصدق حسین اپنے والد کے لیے سگریٹ لینے گیا تھا، جہاں راستے میں ملزم ماسٹر عاطف نے اسے روک کر دھمکیاں دیں کہ تم لوگ منع کرنے کے باوجود مویشی میرے کزن جاوید کی حویلی میں کیوں باندھتے ہو۔
بعد ازاں ارشد محمود اپنے بیٹے مصدق کے ہمراہ ملزم سے بات کرنے گیا جبکہ اہلِ خانہ بھی ان کے پیچھے پہنچ گئے۔ جیسے ہی ارشد محمود نے بات شروع کی تو ملزم ماسٹر عاطف نے پستول نکال کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ارشد محمود اور اس کا بیٹا مصدق حسین شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ملزم فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے کزن جاوید نے مقتولین کو حویلی مویشی باندھنے کے لیے دی ہوئی تھی، تاہم ملزم ماسٹر عاطف نے اپنے بھائی مدثر رفیق کی ایما پر اس رنجش میں آ کر واردات کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔