کورکمانڈز کانفرنس، بیرونی مدد سے انتشار پھیلانے والوں کو بلاتفریق سختی سے کچلنے کا فیصلہ

کور کمانڈرز کا بھارتی حمایت یافتہ دہشت گروپوں کے افغان طالبان رجیم کے زیر تسلط علاقے استعمال کرنے پر اظہار تشویش

فیلڈ مارشل کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت ہائبرڈ وارفیئر اور جھوٹے بیانیوں کی مدد سے بدامنی پھیلانے کی کوشش کررہا ہے، بیرونی مدد سے انتشار پھیلانے والی ہر ایسی کوشش کو بغیر کسی پس و پیش کے سختی سے کچلا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 276 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں شہداء کی لازوال قربانیوں کا اعتراف اور اُن کے ایصال ثواب کیلیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد رہیں گی۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے افغان طالبان رجیم کے زیر تسلط علاقوں سے پاکستان پر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کے حملوں کی منصوبہ بندی اور مسلسل استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

فورم نے خطے میں پائیدار امن و استحکام افغان طالبان کے زیر تسلط زمین پر بھارتی پراکسیوں کی روک تھام سے مشروط قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ذمہ داری افغان طالبان رجیم کی خود ساختہ لیڈر شپ کی ہے کہ اُن کے زیر تسلط زمین پاکستان میں دہشت گردی کے لئے استعمال نہ ہوں۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ اور دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے، پاکستان کی مسلح افواج آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان کے زیر قبضہ علاقوں سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اعلامیے کے مطابق شرکا نے کہا کہ یہ لازم ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں بہترین گورننس کا نظام مہیا کیا جائے، ایسا مضبوط انتظامی ڈھانچہ جو نہ صرف عوامی خدمت اور فلاح و بہبود پر مرکوز ہو بلکہ مذموم سیاسی پشت پناہی میں پنپنے والے دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو توڑے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے کہا کہ معرکہ حق میں عبرتناک شکست کے بعد دُشمن چاہتا ہے کہ کسی طرح ہائبرڈ وارفیئر اور جھوٹے بیانیوں کی مدد سے بدامنی پھیلائی جائے، بیرونی مدد سے انتشار پھیلانے والی ہر ایسی کوشش کو بغیر کسی پس و پیش کے سختی سے کچلا جائے گا۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں علاقائی استحکام کو فروغ دینے اور کشیدگی میں کمی پر پاکستان کے تعمیری کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

سندھ طاس معاہدہ سے متعلق بھارت کے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے شرکا کانفرنس نے واضح کیاکہ قومی سلامتی کمیٹی کی 24 اپریل 2025 کی ہدایت اس بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

اعلامیے کے مطابق افواج پاکستان حکومتی ہدایات اور پاکستانی عوام کی اُمنگوں کے مطابق پاکستان کے جائز پانی کے حصے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے سے قطعا گریز نہیں کریں گی۔

کور کمانڈرز نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، خطے کے امن کا انحصار کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت فراہم کرنے سے ہی ممکن ہے۔

شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ تمام کمانڈرز جنگ کے بدلتے ہوئے کردار کے مطابق ملٹی ڈومین ٹرانسفارمیشن پلان پر تیزی سے عمل کریں، پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے۔

Load Next Story