ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

مقدمہ واپس نہ لینے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں، مدعی مقدمہ

لاہور میں معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ مزنگ میں سی ٹی ڈی کراچی کے اہلکار دوست محمد خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے سمیت متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مدعی کا مؤقف ہے کہ اس کی کاشف ضمیر سے سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی ہوئی، جس کے بعد ملزم نے اسے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیا۔

مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ بیرون ملک بھیجنے کے نام پر اس سے ایک لاکھ 94 ہزار روپے وصول کیے گئے، تاہم وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر فراڈ کا مقدمہ پہلے ہی تھانہ گلبرگ اور ایف آئی اے میں زیرِ سماعت ہے۔

مدعی کے مطابق موجودہ مقدمہ درج کرانے کی وجہ یہ ہے کہ کاشف ضمیر اس پر پہلے سے درج فراڈ کا مقدمہ واپس لینے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔ ایف آئی آر میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ ملزم نے فون پر گالی گلوچ کی اور مقدمہ واپس نہ لینے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ مزید قانونی کارروائی شواہد کی روشنی میں عمل میں لائی جائے گی۔

Load Next Story