کچن کا سنک بند ہو جائے تو گھبرائیں نہیں، یہ آسان گھریلو طریقہ آزمائیں

یہ سادہ گھریلو نسخہ نہ صرف نالی کی معمولی بندش دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے

کچن کا سنک بند ہو جانا ہر گھر میں پیش آنے والا عام مسئلہ ہے، جس کی وجہ سے برتن دھونا اور روزمرہ کے کام متاثر ہونے لگتے ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق معمولی بلاکیج دور کرنے کے لیے ہر بار پلمبر کو بلانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ چند عام گھریلو اشیا سے بھی یہ مسئلہ آسانی سے حل کیا جا سکتا ہے۔

اگر سنک کی نالی بند ہو گئی ہو یا اس سے بدبو آ رہی ہو تو کچن میں موجود بیکنگ سوڈا اور سرکہ قدرتی صفائی کرنے والے مؤثر اجزا ثابت ہو سکتے ہیں۔ یہ دونوں اشیا نالی میں جمع چکنائی اور میل کو نرم کرکے بلاکیج ختم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

اس طریقے کے لیے سب سے پہلے نالی میں احتیاط سے کھولتا ہوا پانی ڈالیں تاکہ ابتدائی رکاوٹ نرم ہو جائے۔ اس کے بعد ایک کپ بیکنگ سوڈا نالی میں ڈالیں، پھر ایک کپ سرکہ اور ایک کپ پانی ملا کر اس کے اوپر انڈیل دیں۔

یہ محلول ڈالنے کے بعد تقریباً پانچ سے دس منٹ تک انتظار کریں تاکہ بیکنگ سوڈا اور سرکے کا کیمیائی ردعمل نالی میں جمع مواد کو ڈھیلا کر دے۔ مقررہ وقت گزرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر کھولتا ہوا پانی نالی میں ڈال دیں۔

ماہرین کے مطابق یہ سادہ گھریلو نسخہ نہ صرف نالی کی معمولی بندش دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے بلکہ بدبو کم کرنے اور نالی کو صاف رکھنے میں بھی مفید ہے۔ تاہم اگر بلاکیج شدید ہو یا پانی بالکل نہ گزر رہا ہو تو کسی ماہر پلمبر سے رجوع کرنا بہتر ہوگا۔

Load Next Story