کراچی میں ٹرالر کی ٹکر سے نوعمر لڑکا جاں بحق
شہر قائد کے علاقے ماڑی پور میرین اکیڈمی کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوعمر لڑکا جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حادثے کے بعد متوفی کی لاش اور زخمی کو ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کیلیے سول اسپتال منتقل کیا۔
ایدھی حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 14 سالہ شمسو ولد ضیااللہ خان کے نام سے کی گئی جبکہ 28 سالہ عظمت اللہ کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایس ایچ او ماڑی پور اسلم خان نے بتایا کہ حادثہ ٹریلر کی ٹکر سے پیش آیا ہے جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے ٹریلر کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا اور اس حوالے سے ڈرائیور کی تلاش کا عمل جاری ہے۔