کراچی، صدر موبائل مارکیٹ کے تاجر سے ڈکیتی کی واردات
فوٹو- فائل
کراچی کے علاقے صدر میں واقع موبائل مارکیٹ میں 30 لاکھ روپے ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پریڈی کے علاقے صدر روبی پلازہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکو الیکٹرانکس دکان کے ملازم سے لاکھوں روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
اس حوالے سے کراچی موبائل الیکٹرانکس ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر منہاج گلفام کا ویڈیو بیان سامنے آیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ عمران الیکٹرونکس کے ملازم اسحاق سے ڈاکو 20 سے 30 لاکھ روپے نقد چھین کر فرار ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ واردات کے دوران ڈاکوؤں نے 3 فائر بھی کیے جس کے باعث پتھر لگنے سے ملازم اسحاق زخمی ہوگیا جبکہ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ وہ گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے۔
منہاج گلفام نے ڈکیتی اور لوٹ مار کی پے در پے وارداتوں پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف نے مطالبہ کیا ہے کہ واردات میں ملوث ڈاکوؤں کا سراغ لگا کر لوٹی گئی نقدی برآمد کرائی جائے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او پریڈی ایوب میرانی نے بتایا کہ واردات کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ کا بھی معائنہ کیا ہے اور اس حوالے سے کلوز سرکٹ کیمروں کو بھی تلاش کر کے ان کی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ واردات کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا سکے۔