فیفا ورلڈ کپ: بیلجیئم نے امریکا کوشکست دے کر کوارٹرفائنل میں جگہ بنا لی
فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں بیلجیئم نے امریکا کو 1-4 گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ میزبان امریکا آؤٹ ہوگیا۔
امریکا کے شہر سیٹل میں کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ ٹیم کی جانب سے پہلا گول ڈی کیٹالاری نے نویں منٹ میں اسکور کرکے برتری دلائی۔
امریکا نے 31ویں منٹ میں ٹلمین کے گول کی بدولت مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، تاہم اس کے بعد بیلجیئم نے میچ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔
ڈی کیٹالاری نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا دوسرا گول اسکور کرکے بیلجیئم کو دوبارہ برتری دلائی، جبکہ 57ویں منٹ میں ایچ ویناکین نے تیسرا گول کرکے اسکور 1-3 کر دیا۔
میچ کے اختتامی لمحات میں بیلجیئم نے ایک اور گول کرکے برتری 1-4 کر دی جو اختتام تک برقرار رہی۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ بیلجیئم نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ میزبان امریکا کا فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔