کراچی: ہاکس بے سمندر میں ڈوبنے والی 18 سالہ لڑکی کا تاحال سراغ نہیں ملا ، تلاش جاری
ہاکس بے سمندر میں ڈوبنے والی 18 سالہ لڑکی کا تاحال سراغ نہیں ملا ، تلاش جاری ہے ، لڑکی ہاکس بے مشرف کالونی کی رہائشی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماری پور کے علاقے ہاکس بے فرنچ بیچ سے متصل پشان بیچ میں نہاتے ہوئے ڈوبنے والی لڑکی کا تاحال سراغ نہیں ملا، ترجمان ایدھی کے مطابق ڈوبنے والی لڑکی کی شناخت 18 سالہ نازش دختر نیاز علی کے نام سے کی گئی ، ہاکس بے مشرف کالونی سیکٹر 10/D کی رہائشی ہے.
ڈوبنے والی لڑکی پیر کو اپنی فیملی کے ساتھ پنکنک کے لیے آئی تھی ، تمام گھر والے چائے وغیرہ پی رہے تھے کہ لڑکی اچانک سمندر کی طرف گئی اور چند ہی لمحوں میں لہریں اسے بہاتے ہوئے گہرے سمندر میں لے گئیں ، جوان لڑکی کو ڈبتا دیکھ کر اس کے والد اور دیگر گھر والے بھاگے تاہم اس وقت تک کافی دیر ہوچکی تھی.
ایدھی کے رضاکار غوطہ خوروں نے فوری طور پر لڑکی کی تلاش شروع کر دی تھی، پیر کو دیر رات تک تلاش جاری رہی بعدازاں رات کی تاریکی کے باعث تلاش روک دی گئی تھی ، منگل کی صبح سے دوبارہ تلاش شروع کر دی گئی تھی ، آخری اطلاع کے مطابق لڑکی کا سراغ نہیں ملا ، تلاش جاری ہے۔