وزیراعظم کی پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو کوششیں مزید تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم  شہباز شریف سے پولیو نگرانی بورڈ کے سات رکنی وفد نے ملاقات کی

وزیراعظم  شہباز شریف سے پولیو نگرانی بورڈ کے سات رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں روٹری کے پولیو اوورسائٹ بورڈ کے چیئرمین مائیک میکگورن، گیٹس فاؤنڈیشن کے گلوبل ڈیویلپمنٹ کے صدر کرس ایلائیس، ریجنل ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر حنان بلخی، یونیسیف، گاوی اور پاکستان میں انسدادِ پولیو کے لیے تعاون کرنے والے دیگر شراکت داروں کے نمائندگان شامل تھے۔

وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پولیو کے خاتمے میں حکومتِ پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون پر تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بچوں کے مستقبل کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ انہوں نے پولیو سے پاک پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اہم قومی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی مشترکہ کوششیں مزید تیز کرنا ہوں گی۔

وزیراعظم نے جنوبی خیبر پختونخوا کے پولیو ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ دینے اور وہاں مؤثر حکمتِ عملی کے تحت اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے روٹری انٹرنیشنل، گیٹس فاؤنڈیشن، عالمی ادارۂ صحت، یونیسیف، کنگ سلمان ریلیف، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن، یو ایس اے اور دیگر شراکت داروں کی انسدادِ پولیو کے حوالے سے معاونت کو سراہتے ہوئے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیرِ مملکت برائے صحت، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو، نیشنل کوآرڈینیٹر انسدادِ پولیو اور حکومتی ٹیم کے دیگر ارکان کی کاوشوں کو بھی لائقِ تحسین قرار دیا۔وفد نے پولیو فری پاکستان کے لیے حکومت کے مؤثر اقدامات اور نمایاں پیش رفت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Load Next Story