معروف امریکی ٹک ٹاکر فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہوگئیں
امریکا کی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر بریانا جانسن، جو سوشل میڈیا پر ’ڈریم ڈول بری‘ کے نام سے پہچانی جاتی تھیں، فائرنگ کے ایک واقعے میں ہلاک ہوگئی ہیں۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد اس واقعے کو بظاہر ایک ٹارگٹڈ حملہ قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق 21 سالہ بریانا جانسن اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے سن شائن بلیوارڈ پر اپنی لائم گرین رنگ کی لگژری لیمبرگینی یورس چلا رہی تھیں۔ گاڑی میں ان کے ساتھ دو اور افراد بھی موجود تھے کہ اسی دوران نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو گئی اور سڑک کنارے واقع ایک رہائشی مکان سے جا ٹکرائی۔ پولیس کے مطابق بریانا جانسن موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ گاڑی میں موجود دیگر دو افراد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کی جانب سے جاری کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے بعد گاڑی چوراہے سے گزرتے ہوئے قابو سے باہر ہو کر ایک گھر سے ٹکرا جاتی ہے، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان کی تلاش میں مصروف ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ شبہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ فائرنگ سے کچھ دیر قبل ایک گیس اسٹیشن پر جھگڑا ہوا تھا۔ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بریانا اور ان کے ساتھی قریبی گھر میں منعقد ہونے والی ایک پارٹی میں شریک تھے اور واپسی کے دوران مبینہ طور پر ان کی گاڑی کا تعاقب کر کے حملہ کیا گیا۔
بریانا جانسن سوشل میڈیا پر لائف اسٹائل سے متعلق ویڈیوز اور دیگر مواد شیئر کرتی تھیں اور نوجوان صارفین میں خاصی مقبول تھیں۔ ان کے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر مجموعی طور پر تقریباً پانچ لاکھ فالوورز تھے، جن میں ٹک ٹاک پر تقریباً 3 لاکھ 88 ہزار جبکہ انسٹاگرام پر لگ بھگ 88 ہزار 800 فالوورز شامل تھے۔