ذہنی سکون اور خوشگوار زندگی چاہتے ہیں؟ روزمرہ میں یہ آسان عادتیں شامل کر لیں
ہر حال میں مسکرانے والے افراد صحت کی خرابی کے باوجود دیگر افراد کے مقابلے میں زیادہ عمر پاتے ہیں، فوٹو:فائل
خوش اور متوازن زندگی کے لیے صرف جسمانی صحت ہی نہیں بلکہ ذہنی سکون بھی بے حد اہم ہے۔ ماہرین کے مطابق روزمرہ کی چند مثبت عادتیں اپنانے سے ذہنی دباؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے اور مجموعی معیارِ زندگی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہنی مضبوطی کی شروعات خود کو اہمیت دینے سے ہوتی ہے۔ اپنی خوبیوں کو تسلیم کریں اور ہر وقت خود پر تنقید کرنے کی عادت سے گریز کریں، کیونکہ مسلسل منفی سوچ خود اعتمادی کو متاثر کر سکتی ہے۔
جسمانی سرگرمیاں بھی ذہنی صحت پر مثبت اثر ڈالتی ہیں۔ باقاعدہ ورزش، چہل قدمی یا ہلکی پھلکی جسمانی مشقت نہ صرف جسم کو توانا رکھتی ہے بلکہ ذہنی تناؤ کم کرنے اور موڈ بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔
مثبت سوچ رکھنے والے دوستوں کی صحبت بھی خوشگوار زندگی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ایسے افراد کے ساتھ وقت گزاریں جو حوصلہ افزائی کریں اور مثبت سرگرمیوں میں دلچسپی رکھتے ہوں۔ اسی طرح نئے لوگوں سے ملنا اور سماجی روابط بڑھانا بھی ذہنی تازگی کا باعث بن سکتا ہے۔
مصروف زندگی میں اپنے لیے کچھ وقت ضرور نکالیں۔ اپنی پسند کے مشاغل اختیار کریں، کتاب پڑھیں، موسیقی سنیں یا کوئی ایسا کام کریں جو آپ کو سکون اور خوشی فراہم کرے۔ اس سے ذہنی تھکن کم ہوتی ہے اور توانائی بحال رہتی ہے۔
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ پریشانیوں سے گھبرانے کے بجائے ان کے حل پر توجہ دی جائے۔ یکسوئی پیدا کرنے کے لیے عبادت، نماز، یوگا یا مراقبہ جیسے معمولات اپنانے سے ذہن کو سکون ملتا ہے اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔
مستقبل کے لیے حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کرنا بھی ذہنی اطمینان میں مدد دیتا ہے۔ چاہے وہ تعلیم، پیشہ یا ذاتی ترقی سے متعلق ہوں، ان کے حصول کے لیے واضح منصوبہ بنائیں، مگر خود پر غیر ضروری بوجھ ڈالنے سے بچیں۔
روزمرہ کے معمولات میں معمولی تبدیلیاں بھی مثبت اثرات مرتب کر سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر کمرے کی ترتیب بدلنا، پردوں کا رنگ تبدیل کرنا، واک یا ڈرائیونگ کا راستہ بدل لینا ذہنی یکسانیت کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ نشہ آور اشیا اور صحت کے لیے نقصان دہ عادات سے دور رہنا ضروری ہے، کیونکہ یہ نہ صرف جسم بلکہ ذہنی صحت پر بھی منفی اثر ڈالتی ہیں۔
اگر کسی بات کی وجہ سے ذہنی دباؤ محسوس ہو تو اسے دل میں رکھنے کے بجائے کسی مثبت سوچ رکھنے والے قابلِ اعتماد شخص سے شیئر کریں۔ ماہرین کے مطابق مدد طلب کرنا کمزوری نہیں بلکہ سمجھداری کی علامت ہے، جو ذہنی بوجھ کم کرنے اور بہتر فیصلے کرنے میں مدد دیتی ہے۔