کراچی میں ایک اور شہری ڈکیتی مزاحمت پر قتل

رواں سال میں اب تک ڈکیتی مزاحمت پر مرنے والوں کی تعداد 41 تک پہنچ گئی

شہر قائد کے علاقے کورنگی میں اتوار کو فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ نکلا، رواں سال کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 41 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی 4 نمبر سیکٹر 35 اے شہید اویس پارک کے قریب اتوار 5 جولائی کو فائرنگ سے شہری فضل سبحان جاں بحق ہوا تھا جس کے قتل کا مقدمہ کورنگی پولیس نے مقتول کے کزن کی مدعیت میں درج کیا تھا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او کورنگی ملک اشفاق نے بتایا کہ پولیس نے شہری فضل سبحان کے قتل میں ملوث 2 ملزمان  فیصل ولد شمس عالم اور جبریل عرف جاوید ولد نورالامین کو گرفتار کر کے اسلحہ اور چھینا گیا موبائل فون برآمد کرلیا جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔

انھوں ںے مزید بتایا کہ مقتول کے پاس سے اس کا موبائل فون اور نقدی موجود تھی جبکہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ گرفتار ڈاکوؤں نے فضل سبحان کو قتل کرنے سے قبل دیگر شہریوں سے لوٹ مار کی تھی اور فضل سبحان کو موبائل فون پر بات کرتے ہوئے دیکھ کر اسے بھی لوٹنے کی کوشش کی جس پر مقتول نے ایک ڈاکو کا اسلحہ پکڑ کر چھیننے کی کوشش تھی اس دوران دوسرے ڈاکو نے اسے فائرنگ کر نشانہ بنا کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 پستول 30 بور، میگزین اور 2 موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس نے گرفتار ڈاکوؤں کے خلاف غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے حوالے سے 2 مقدمات درج کیے ہیں جبکہ گرفتار ڈاکو جبریل عرف جاوید عادی جرائم پیشہ ہے اور اس کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے پولیس گرفتار ڈاکوؤں کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔

Load Next Story