توانائی کے مؤثر استعمال، بجلی کی بچت اور پائیدار ترقی کےلیے اصلاحات تیز کی جائیں، وزیر اعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت سندھ انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی (ایس ای ای سی اے) کے بورڈ کا پانچواں اجلاس ہوا، جس میں پرنسپل سیکریٹری آغا واصف عباس، سیکریٹری توانائی شعیب انصاری، اسپیشل سیکریٹری خزانہ اصغر میمن، بورڈ ممبر افتخار احمد، جنرل منیجر ایس ای ای سی اے عبدالباسط صدیقی (ویڈیو لنک کے ذریعے) اور نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (این ای ای سی اے) کے منیجنگ ڈائریکٹر نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں توانائی کی بچت کے لیے جامع روڈ میپ کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ توانائی کے مؤثر استعمال، بجلی کی بچت اور پائیدار ترقی کے لیے اصلاحاتی اقدامات تیز کیے جائیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایس ای ای سی اے رولز 2022، این ای ای سی اے ایکٹ 2016 کی روشنی میں مرتب کیے گئے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ نے توانائی کی بچت سے متعلق پالیسیوں اور پروگراموں پر مؤثر عمل درآمد کی ہدایت دیتے ہوئے ایس ای ای سی اے رولز 2022 میں اہم ترامیم کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں ایجنسی کی گورننس، انتظامی تسلسل اور تکنیکی صلاحیت مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سرکاری محکموں، صنعتوں اور گھریلو سطح پر توانائی کے استعمال میں واضح کمی لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بچائی گئی توانائی کا ہر یونٹ نئی پیدا ہونے والی توانائی کے برابر ہے اور توانائی کی بچت بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کا سب سے کم لاگت اور مؤثر حل ہے۔
اجلاس میں ایس ای ای سی اے اور این ای ڈی یونیورسٹی کے اشتراک سے جدید انرجی ایفیشنسی ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے کی منظوری دی گئی، جہاں پنکھوں، لائٹنگ مصنوعات اور الیکٹرک موٹرز کی قومی و بین الاقوامی معیار کے مطابق جانچ کی جائے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ لیبارٹری توانائی بچانے والی مصنوعات کی لیبلنگ، سرٹیفکیشن اور معیار کی جانچ میں معاون ثابت ہوگی، جبکہ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اسے تحقیق، جدت اور استعدادِ کار کے مرکزِ امتیاز میں تبدیل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ سندھ گرین بلڈنگ کوڈ اور توانائی مؤثر سرکاری خریداری پالیسیوں کے نفاذ میں بھی یہ لیبارٹری اہم کردار ادا کرے گی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ایس ای ای سی اے سروس ریگولیشنز 2026 اور نئے تنظیمی ڈھانچے کی منظوری دیتے ہوئے ایجنسی کی تکنیکی اور ریگولیٹری صلاحیت مزید بہتر بنانے، میرٹ پر بھرتیوں، کارکردگی جانچنے کے نظام اور پیشہ ورانہ تربیت کے پروگرام متعارف کرانے کی بھی منظوری دی۔
انہوں نے ایس ای ای سی اے کے لیے الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ سرکاری اداروں کو مرحلہ وار توانائی مؤثر اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی جانب منتقل کیا جائے۔ اجلاس میں سندھ بھر میں توانائی کی بچت کے فروغ کے لیے جامع عوامی آگاہی اور تربیتی مہم شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جس کے تحت ڈیجیٹل میڈیا، تعلیمی اداروں، صنعتوں اور سرکاری محکموں کے ذریعے توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال کا شعور اجاگر کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے بھر کی سرکاری عمارتوں اور انفراسٹرکچر کے انرجی آڈٹ کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بجلی کے اخراجات میں کمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انرجی آڈٹ کے ذریعے روشنی کے نظام، ایچ وی اے سی، پمپس، موٹرز اور دیگر برقی نظام میں توانائی کے ضیاع کی نشاندہی کی جائے گی، جبکہ تمام صوبائی محکموں کو انرجی آڈٹ اور سفارشات پر عمل درآمد کے لیے ایس ای ای سی اے سے مکمل تعاون کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہتر توانائی انتظام کے ذریعے ہونے والی بچت عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔
اجلاس میں توانائی کی بچت کے منصوبوں پر عمل درآمد مزید مؤثر بنانے، ایس ای ای سی اے کے مالی وسائل میں اضافے اور سرکاری خریداری میں توانائی کی بچت کے معیارات کو مزید مؤثر بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ توانائی کی بچت، ماحولیاتی تحفظ اور مالیاتی نظم و ضبط سندھ حکومت کی پائیدار ترقی کی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہیں۔