بابر اعظم کو دوبارہ قیادت کیسے ملی، سرفراز احمد کا انکشاف
پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو مشاورت اور رضامندی کے بعد قیادت سونپی گئی ہے۔
کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں اچھا پرفارم کریں۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف تین میچز کی ٹیسٹ سیریز میں بھی بہتر نتائج کی توقعات ہیں، دونوں سیریز آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہونے کے ناطے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔
ریڈ بال ہیڈ کوچ نے کہا کہ اسلام آباد میں شیڈول قومی تربیتی کیمپ میں اسکلز میں مزید بہتری لانے کے لیے کام کریں گے، اپنی غلطیوں اور خامیوں پر پوری طرح سے نگاہ ہے اور ان کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔
سرفراز احمد نے امید ظاہر کی بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم زیادہ یکجہتی اور جوش و ولولے کے ساتھ اچھے نتائج فراہم کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی اور موجودہ صحافت میں بہت فرق ہے، پہلے صحافی میدانوں میں پہنچ کر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا کرتے تھے، کوشش ہونی چاہیے کہ پرفارمنس پر بات ہو، ذاتیات اور کردار کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں ہے۔