خلیجی تعاون کونسل کی ایران پر شدید تنقید، بحرین اور کویت پر حملوں کی مذمت
ریاض: خلیجی تعاون کونسل نے بحرین اور کویت پر ایران کے مبینہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں دونوں ممالک کی خودمختاری، علاقائی سلامتی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
خلیجی تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے کیے گئے حملے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ تہران خطے میں امن، سلامتی اور بحران کے سفارتی حل کے لیے جاری علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحرین اور کویت کو نشانہ بنانا دونوں ممالک کی خودمختاری پر براہِ راست حملہ ہے جو نہ صرف شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے بلکہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔
جاسم محمد البدیوی نے اس موقع پر بحرین اور کویت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی تعاون کونسل دونوں ممالک کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تمام فریقوں کو بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنا چاہیے اور اختلافات کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اختیار کرنے چاہییں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خلیجی خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ متعدد ممالک صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔