سعودی عرب کا سیاحت کے فروغ کےلئے "پیکیج ویزا" متعارف

سیاحتی ویزا کی درخواست کو براہِ راست سفری پیکیج کی بکنگ کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے

سعودی عرب کا سیاحت کے فروغ کےلئے "پیکیج ویزا" متعارف کرادیا، سفری بکنگ کو ویزا درخواست کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔

سعودی عرب نے سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی سیاحوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے "پیکیج ویزا" کے نام سے نئی ڈیجیٹل سہولت متعارف کرادیا ہے جس کے تحت سیاحتی ویزا کی درخواست کو براہِ راست سفری پیکیج کی بکنگ کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر اس سہولت کا آغاز چند منتخب ممالک میں مخصوص ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے کیا جارہا ہے، بعدازاں میں اسے مزید ممالک تک توسیع دی جائے گی۔ یہ اقدام سیاحوں کےلئے سعودی عرب  کے سفر میں آسانی پیدا کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔

سیاحتی ای ویزا کے اجرا کے بعد سعودی حکام نے مملکت کا سفر کرنے کے متعدد نئے طریقے متعارف کروائے جن میں ویزا آن آرائیول اور اسٹاپ اوور ویزا شامل ہے۔ ان اقدامات  کی وجہ سے سعودی عرب میں سیاحت  کو تیزی سے فروغ حاصل ہوا اور 2025 میں29 ملین سے زائد غیر ملکی سیاح سعودی عرب آئے۔ سعودی وزیر برائے سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا سیاحتی شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے، پیکیج ویزا سیاحوں کےلئے سعودی عرب  کے سفر کو مزید آسان اور باسہولت بنانے کے ہمارے عزم کا عکاس ہے۔

ویزا کے اجرا کو سفری بکنگز کے ساتھ مربوط کرکے ہم سیاحوں کے سفر کو آسان اور ان کے سفری تجربات کو مزید شاندار بنار ہے ہیں۔ یہ اقدام ٹورزم ایکو سسٹم میں اشتراک کو نہ صرف مضبوط  بنائے گا بلکہ سیاحوں کےلئے سعودی عرب کو زیادہ قابل رسائی عالمی مقام  بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ سیاحوں کےلئے پیکیج ویزا کا مطلب  سفر کی منصوبہ بندی سے لے کر سعودی عرب پہنچنے اور قیام سے لطف اندوز ہونے تک کا عمل نہایت آسان ہے۔

فلائٹس، رہائش اور ویزا کے علیحدہ علیحدہ انتظام کی بجائے  اہل ٹریولرز مربوط سفری طریقہ کار کے ذریعے ایک جگہ سے تمام عمل بک کرسکتے ہیں جس میں   ایونٹس، تفریحی سرگرمیاں اور دیگر سیاحتی تجربات بھی شامل کئے جاسکیں گے۔

سفری سہولیات فراہم کرنے والی  مستند ٹریول ایجنسیوں کےلئے یہ اقدام  سیاحوں کو زیادہ پرکشش سفری پیکیج فراہم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ سیاحوں کےلئے سفر  کو   ہموار بنانے اور ان کے قابلِ اعتماد تجربے کو یقینی بنانے کے لیے   پیکیج ویزا  صرف ان مستند ٹریول اور ٹورزم سروس فراہم کنندگان کے ذریعے دستیاب ہوگا جو سروس کے واضح معیارات پر پورا اترتے ہیں اور 24/7 کسٹمر سپورٹ فراہم کرتے ہیں۔

Load Next Story