ٹرمپ نے نکی میناج کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، غیر معمولی شخصیت قرار

نکی میناج کو ٹرمپ کا ’’گولڈ کارڈ‘‘ دیا گیا ہے، جس کے ذریعے انہیں امریکی شہریت حاصل ہوئی ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں منعقدہ ایک ظہرانے کے دوران معروف امریکی ریپر نکی میناج کی کھلے الفاظ میں تعریف کرتے ہوئے انہیں نہایت باصلاحیت، باوقار اور متاثر کن شخصیت قرار دیا۔ ان کے ریمارکس نے تقریب کے شرکا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کی۔

اپنے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تقریب میں ایک ایسی خاتون بھی موجود ہیں جنہیں وہ بے حد قابلِ احترام، پرکشش اور بہترین دوست سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ انہیں قدامت پسند کے بجائے ’’عقلِ سلیم کی حامی‘‘ کہنا پسند کریں گے، کیونکہ ان کے نزدیک نکی میناج ایک غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل شخصیت ہیں جن کا ہر کوئی احترام کرتا ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ نکی میناج اپنی صلاحیتوں، شخصیت اور اثر و رسوخ کے باعث نمایاں مقام رکھتی ہیں اور یہی خصوصیات انہیں دوسروں سے منفرد بناتی ہیں۔

دوسری جانب نکی میناج نے بھی تقریب کے بعد اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر وائٹ ہاؤس میں لی گئی تصاویر شیئر کیں۔ تصاویر کے ساتھ انہوں نے خود کو ’’وائٹ ہاؤس باربی‘‘ قرار دیا، جس پر ان کے مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردِعمل سامنے آیا۔

رپورٹس کے مطابق نکی میناج نے حالیہ دنوں میں اریکا کرک کی حمایت کا بھی اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بہت سے لوگوں کو امید دی ہے۔

ادھر بعض میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ نکی میناج کو ٹرمپ کا ’’گولڈ کارڈ‘‘ دیا گیا ہے، جس کے ذریعے انہیں امریکی شہریت حاصل ہوئی ہے، تاہم اس حوالے سے کسی سرکاری سطح پر باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

Load Next Story