عاصم اظہر کا گانا ’آرزو‘ بھارت میں مقبولیت حاصل کرنے لگا

عاصم اظہر نے لکھا کہ ’آرزو‘ اب ان کے کامیاب ترین گانوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے

معروف گلوکار عاصم اظہر کے حالیہ گانے ’آرزو‘ نے بھارت میں غیرمعمولی مقبولیت حاصل کرتے ہوئے اسپاٹیفائی پر ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ 

گلوکار کے مطابق یہ ٹریک اسپاٹیفائی کے دور میں بھارت میں ان کا دوسرا سب سے زیادہ مقبول گانا بن گیا ہے، جس پر انہوں نے سرحد پار موجود مداحوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

عاصم اظہر نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی سامعین کی جانب سے ملنے والی محبت ان کے لیے بے حد قیمتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپاٹیفائی کے آغاز سے اب تک بھارت میں ان کے گانوں میں صرف ’غلط فہمی‘ نے زیادہ بہتر کارکردگی دکھائی تھی، جو چارٹس میں دوسرے نمبر تک پہنچا تھا، جبکہ ’آرزو‘ اب ان کے کامیاب ترین گانوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔

گلوکار نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی مسلسل محبت اور حمایت ہی اس کامیابی کی اصل وجہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس خوشی کے موقع پر وہ اپنے حالیہ گانوں پر بننے والی پسندیدہ ریلز سوشل میڈیا پر شیئر کریں گے۔

عاصم اظہر کا یہ گانا گلوکارہ نور خان اور مدھور ایکسو کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی مقبولیت صرف بھارت تک محدود نہیں رہی بلکہ عالمی سطح پر بھی اس نے نمایاں مقام حاصل کیا، جہاں یہ بل بورڈ چارٹس میں آٹھویں نمبر تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔

گزشتہ ماہ بھی ’آرزو‘ اس وقت خبروں کی زینت بنا تھا جب گانے میں شامل ایک مختصر آواز، جس میں ایک لڑکی کو ’’پھر سے بولو‘‘ کہتے ہوئے سنا گیا، سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی۔ متعدد صارفین نے اندازہ لگایا کہ یہ آواز اداکارہ ہانیہ عامر سے مشابہت رکھتی ہے، جس کے بعد مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔

تاہم اس حوالے سے نہ عاصم اظہر نے کوئی وضاحت کی اور نہ ہی ہانیہ عامر کی جانب سے ان افواہوں کی تصدیق یا تردید کی گئی، جس کے باعث یہ معاملہ اب بھی مداحوں کے درمیان دلچسپی کا موضوع بنا ہوا ہے۔

Load Next Story