چاغی: سیکڑوں مسلح افراد کا شہر پر دھاوا، سرکاری دفاتر، بینک پر قبضہ، تھانہ نذر آتش

مسلح افراد نے شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کرکے سنیپ چیکنگ بھی کی

بلوچستان کے ضلع چاغی کے تحصیل ہیڈکوارٹر چاغی میں جمعرات کو سیکڑوں مسلح افراد نے شہر میں داخل ہو کر مختلف سرکاری تنصیبات پر قبضہ کرلیا جبکہ پولیس تھانے پر حملہ کرکے اسے نذر آتش کر دیا۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کرکے سنیپ چیکنگ بھی کی۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے چاغی شہر میں داخل ہونے کے بعد سرکاری دفاتر، بینکوں اور پولیس تھانوں کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا، جس کے باعث شہر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحصیل چاغی کے پولیس تھانے پر حملے کے دوران مسلح افراد نے تھانے کی عمارت کو آگ لگا دی، جس سے وہاں موجود سرکاری ریکارڈ، فرنیچر اور سرکاری گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔ سرکاری سطح پر تاحال واقعے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

Load Next Story