حکومت اپنے وعدوں اور جاری کردہ منظوریوں سے منحرف نہیں ہو سکتی، ہائیکورٹ
لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ حکومت اپنے وعدوں اور جاری کردہ منظوریوں سے منحرف نہیں ہو سکتی۔
رنگ روڈ راولپنڈی سروس ایریا این او سی کیس میں عدالت نے رنگ روڈ پر 102کنال 14 مرلے سروس ایریا کا این او سی برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ این او سی تنازع پر پنجاب حکومت نے کمشنر ، ڈپٹی کمشنر ، ڈی جی آباد سمیت 5 افسران کو عہدوں سے ہٹایا تھا۔ آج عدالتی حکم کے بعد این او سی منسوخ کرنے، تعمیرات گرانے یا کام میں رکاوٹ ڈالنے سے متعلقہ حکام کو روک دیا گیا۔
عادلت نے راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے رویے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سرکاری ادارے عدالت کی معاونت کریں، غیر ضروری تاخیر نہ کریں۔ حکومت اپنے جاری کردہ وعدوں اور منظوریوں سے منحرف نہیں ہو سکتی۔ این او سی جاری ہونے کے بعد منسوخی کی دھمکیاں آئین کے آرٹیکل 10 کے منافی ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق منصوبے پر 75 کروڑ روپے سے زائد سرمایہ کاری کی جا چکی ہے۔تمام قانونی این او سیز اور 17 کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد سرکاری واجبات ادا کیے ہیں۔
واضح رہے کہ رنگ روڈ سروس ایریا این او سی تنازع پر پہلے کمشنر، ڈپٹی کمشنر سمیت 5 افسران عہدوں سے ہٹائے جا چکے ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے عہدوں سے ہٹائے گے افسران کو ایس اینڈ جی ڈی اے رپورٹ کی ہدایت کی گئی تھی۔