شاہ رخ کی آنے والی نئی فلم  کیریئر کا مہنگا ترین پروجیکٹ قرار

نئی فلم کا سفر مئی 2025ء میں شروع ہوا تھا، شوٹنگ اگست 2026ء تک جاری رہنے کا امکان ہے

شاہ رخ خان کی آئندہ آنے والی فلم ’کنگ‘ 450 کروڑ بھارتی روپے کے بھاری بجٹ کے ساتھ ان کے فلمی کیریئر کا سب سے بڑا اور مہنگا ترین پروجیکٹ بن چکی ہے۔

واضح رہے کہ یہ بجٹ (450 کروڑ بھارتی روپے) فلم کی پروموشن، پرنٹنگ اور شاہ رخ خان کے ذاتی معاوضے کے علاوہ ہے، جو اسے پچھلی بلاک بسٹر فلموں ’جوان‘ کے 400 کروڑ اور ’پٹھان‘ کے 350 کروڑ روپے کے بجٹ سے کہیں آگے لے جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم سازی کا یہ عظیم سفر مئی 2025 میں شروع ہوا تھا اور اب تک دنیا بھر کے مختلف مقامات پر 150 سے زائد دن کی فلم بندی مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ شوٹنگ اگست 2026 تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اس فلم میں بین الاقوامی معیار کے ایکشن مناظر پیش کیے جائیں گے، جن کی نگرانی اپنے اپنے شعبوں کے ماہرین کر رہے ہیں، جبکہ وی ایف ایکس کی ذمہ داری خود شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس نے سنبھالی ہے۔

فلم سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ کنگ کو پہلے ایک عام ایکشن تھرلر کے طور پر تیار کیا جا رہا تھا، تاہم شاہ رخ خان اور ہدایت کار کے اعلیٰ وژن نے اسے ایک بڑے پیمانے کی ایکشن فلم میں ڈھال دیا ہے۔

اس فلم کے ذریعے کنگ خان 3 سال کے بعد بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔

شاہ رخ خان اپنے مداحوں کو بہترین سنیما تجربہ فراہم کرنے کے خواہاں ہیں، اسی لیے فلم کے ہر ایکشن منظر پر خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے۔ فلم کی ہر جھلک میں سرمایہ کاری کا معیار نمایاں نظر آئے گا، جو شائقین کے لیے ایک منفرد تجربہ ہوگا۔

متعلقہ

Load Next Story